راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش نظر جدید ائیر ڈیفنس ہتھیاروں کے نظام کی مسلسل تربیت اور اپ گریڈیشن کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار نے آج ہیڈ کوارٹرز آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ کا دورہ کیا۔ آرمی ائیر ڈیفنس کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد ظفر اقبال نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
بیان کے مطابق پاکستان آرمی ایئر ڈیفنس کے افسران اور جوانوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جبکہ تربیت کے حاصل کردہ معیارات کو سراہا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے موجودہ دور میں جنگ میں ائیر ڈیفنس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش نظر جدید ائیر ڈیفنس ہتھیاروں کے نظام کی مسلسل تربیت اور اپ گریڈیشن کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سلطنت عمان کے سفیر کی ملاقات
دوسری طرف آرمی چیف سے سلطنت عمان کے سفیر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں شراکت داری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق عمانی سفیر کا سیلاب کی تباہی پر دُکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی جبکہ عمانی سفیر نے علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا اور ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اومان کے تعلقات دوستانہ اور تاریخی اہمیت کے حامل ہیں، دونوں ممالک میں دفاع اور میری ٹائم سیکورٹی میں تعاون کے فروغ کی بڑی صلاحیت ہے، یہ شراکت داری ہماری سٹریٹجک پارٹنرشپ میں ایک لازمی عنصر بن سکتی ہے۔
فرانس کیساتھ مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعلقات بڑھانے کیلئے پُرامید ہیں: آرمی چیف
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان میں فرانس کے سفیر مسٹر نکولس گیلی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں سپہ سالار سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، دفاع، سیکیورٹی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں جانب سے موسم خزاں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
بیان کے مطابق فرانسیسی سفیر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہنے کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم مشترکہ مفادات کی بنیاد پر طویل مدتی باہمی فائدہ مند تعلقات کو بڑھانے کے لیے پر امید ہیں۔