اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اجلاس میں ریلوے حکام نے بتایا کہ 20 نومبر کو جعفر ایکسپریس مچھ سٹیشن تک بحال ہو جائے گی، مچھ سے کوئٹہ تک مسافروں کو بسوں کے ذریعے بھجوایا جائے گا جس کے لئے بلوچستان حکومت سکیورٹی فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ 20 نومبر سے قبل اسٹیشن پر نئے بنچز، اضافی واٹر کولرز اور سیکیورٹی کیمرے نصب کئے جائیں۔
وفاقی وزیر نے اپنی زیر صدارت اجلاس میں ہرک برج پر50 فیصد کام مکمل ہونے پر ڈی ایس کوئٹہ کو شاباش بھی دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ٹرین کو انجینئرنگ ریسٹرکشنز کے ساتھ چلایا جائے گا، مچھ اسٹیشن پر7 نئے واش رومز بنا دیئے گئے ہیں جبکہ دو جنریٹر بھی نصب کئے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے 20 نومبر تک اسٹیشن پر نئے بنچز، اضافی واٹر کولرز اور سیکیورٹی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ کوئٹہ تفتان سیکشن سے ریلوے ریونیو سٹریم بڑھانے کے لیے چیمبرز آف کامرس سے تجاویز لی جائیں گی جبکہ ریلوے اسٹیشنز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے ریوائزڈ پی سی ون کی جلد منظوری لی جائے گی۔
حکام نے وفاقی وزیر کو ٹرینوں کی آمدن اور آکیوپینسی بارے بریفنگ دی گئی اور کہا گیا کہ ایک ایک ٹرین کی ایویلیوایشن ہو گی۔
اجلاس مین پشاور ڈویژن میں ریلوے زمینوں پر تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا اور ڈی ایس کو ٹاسک دے دیا گیا کہ وہ اراضی واگزار کرائیں۔ وفاقی وزیر نے سکھر ڈویژن میں انجینئرنگ رکاوٹیںکم کرنے کے لیے ٹیکنیکل ٹیم کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔