آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کراچی کا دورہ، یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی

Published On 16 November,2022 08:11 pm

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) الوداعی دوروں کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی کا دورہ کیا، جوانوں سے ملاقات کی اور یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار نے کراچی کا دورہ کیا، اس موقع پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے ان کا استقبال کیا، اس دوران سپہ سالار نے کراچی ایکسپو سینٹر میں آئیڈیاز 2022ء کے مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔

بیان کے مطابق آرمی چیف نے زائرین، مندوبین سے بھی بات چیت کی جبکہ بحرین، اٹلی، سری لنکا، لیبیا، زمبابوے، یو اے ای سمیت مختلف دورے کرنے والے مندوبین سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملیر گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

سپہ سالار نے افسران اور دستوں سے الوداعی خطاب کے دوران ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور ڈیوٹی سے لگن کو سراہا۔

انہوں نے حالیہ شدید سیلاب کے دوران لوگوں کی مدد کے لیے فوجیوں کی انتھک بچاؤ اور امدادی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
 

 

 

 
Advertisement