راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے کاموں کو مزید تیز کرنے کی ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف نے بلوچستان کے شہر لسبیلہ کا دورہ کیا، انہوں نے سیلاب کی وجہ سے بے گھر افراد کے لئے لال گل گوٹھ میں تیار کیے گئے پری فیبری کیٹڈ ویلیج کا افتتاح کیا۔ گاؤں لال گل گوٹھ حالیہ سیلاب میں بری طرح تباہ ہو گیا جس میں لائیو سٹاک، لوگوں کا ذاتی سامان اور بنیادی ڈھانچہ مکمل طور پر ختم ہو گیا، پری فیبریکیٹڈ ویلیج میں ایک پرائمری سکول، شمسی توانائی اور ایک ٹیوب ویل کی سہولت بھی موجود ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او ) نے ریکارڈ مدت میں منصوبہ مکمل کیا، پاک فوج نے گاؤں والوں سے جلد چھت فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، آرمی چیف کو ایف ڈبلیو او کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل کمال اظفر نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے کام کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی، انہوں نے لال گل گوٹھ میں نئے پرائمری سکول کے اساتذہ اور طلبا اور مقامی دیہاتیوں سے ملاقات کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شروع کیے جانے والے بحالی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گی۔
اس موقع پر اعلیٰ سول و ملٹری حکام بھی موجود تھے، بعد ازاں آرمی چیف نے کوئٹہ کور، ایف ڈبلیو او، فرنٹیئر کور(ایف سی) بلوچستان اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے دستوں سے بات چیت کی اور حالیہ سیلاب میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے عمل کے دوران ان کی کوششوں کو سراہا، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدراورانجینئر انچیف لیفٹیننٹ جنرل کاشف نذیربھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔
قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔