اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں نام نہاد احتساب کا ایک سلسلہ چل رہا ہے، ہمارا مجرم نیب کا چیئرمین ہے، ہم حساب چکتا کریں گے۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کئی بار کہہ چکا ہوں ملک کی بقا کیلئے احتساب کے ادارے کو ختم ہونا چاہیے، کئی سال سے یہاں آ رہا ہوں اور 70 پیشیاں بھگت چکا ہوں، اگر کیس میں کچھ ہوتا تو تین پیشیوں میں فیصلہ ہو جانا چاہیے تھا۔
سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ نیب نے ہم پر کوئی کرپشن کا الزام نہیں لگایا، ہمارا خبروں میں نام آتا ہے لیکن کیس میں کچھ نہیں ہے، ملک کا جتنا نقصان جسٹس (ر) جاوید اقبال اور نیب نے کیا اورکسی نے نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ آج کل اعتراف کا زمانہ ہے، جسٹس جاوید صاحب بھی اس کا اعتراف کرلیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان کو ایل این جی ٹرمینل سے ہزاروں ارب کا فائدہ ہوا، حکومت نے معیشت کو استحکام دیا، مزید کوشش کررہی ہے، حکومت نے پاکستان کوڈیفالٹ سے بچایا، مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے، انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اس کی جماعت نے پورا زور لگایا لیکن کوئی کیس ثابت نہیں کر سکے۔