ملک کو استحکام کی ضرورت، نیب کو ختم کر دینا چاہیے: خواجہ سعد رفیق

Published On 13 December,2022 05:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آج ملک کو الیکشن کی نہیں استحکام کی ضرورت ہے، نیب کو ختم کرکے احتساب کا نیا ادارہ بنانا چاہیے۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کے سہولت کار ایک ایک کر کے چلے گئے، اب نہ جہاز ہے نہ جہاز چلانے والے ہیں، آج عمران خان اکیلے رہ گئے ہیں اور ان کے لانگ مارچ کی حقیقت ساری قوم نے دیکھ لی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کوئی نہیں ہے، اسمبلیاں بنانا اور توڑنا کوئی کھیل نہیں ہے، انتخابات کرانے کے لیے پیسے چاہئیں، اس لیے جہاں آپ کی حکومتیں ہیں وہیں کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری 2013 اور 2018 کی کارکردگی کا عمران خان حکومت کے 4 سال سے موازنہ کریں، ادارے تباہ کر دیئے گئے، ان 8 ماہ میں تو ہم آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں، اللہ کا شکر ہے کہ ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا۔

اپنے خلاف زیر سماعت کیس کا ذکر کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم پر سیاسی مخالفت کے باعث مقدمات بنائے گئے، جنہوں نے عمران خان کو زمین سے اٹھا کر آسمان پر بٹھایا، اب انہیں برا بھلا کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو پہلے عثمان بزدار لوٹ رہے تھے اور اب موجودہ حکمران لوٹ رہے ہیں۔
 

Advertisement