اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی طرف سے قومی اسمبلی سے استعفے دینے اور ان کی منظوری کے معاملہ پر رہنما تحریک انصاف شبلی فراز نے سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق شبلی فراز نے پی ٹی آئی کے استعفوں سے متعلق پارٹی فیصلے سے سپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کیا، رہنما تحریک انصاف نے سپیکر کو پارٹی کا پیغام پہنچایا کہ ہمارے تمام ایم این ایز کے استعفے ایک ساتھ منظور کیے جائیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ شبلی فراز نے سپیکر سے کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایات ہیں کہ تمام ممبران ایک ساتھ استعفے منظور کرائیں، اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ استعفوں سے متعلق فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق کروں گا۔
دوسری جانب سینیٹر شبلی فراز نے سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات بارے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بطور ممبر سینیٹ فنانس کمیٹی سپیکر ہاؤس گیا تھا، سینیٹر مشاہد حسین سید اور سینیٹر دلاور خان بھی ساتھ تھے، یہ سپیکر قومی اسمبلی سے سینیٹ فنانس کمیٹی کے ممبران کی ملاقات تھی، ان سے استعفوں سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔