کراچی : (دنیا نیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا تدبر اور فلسفہِ مفاہمت دنیا کا مشترکہ میراث ہے۔
وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کے 15 ویں یومِ شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دخترِ مشرق کا میراث ملکی و عالمی سیاسی مشکلات کے متعلق قابلِ عمل لائحہ عمل بھی ہے، ہم شہید بینظیر بھٹو کو ہر روز یاد کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم ہر روز ان کے فکر و ویژن سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اپنے دور سے بہت آگے کا ادراک رکھنے والی کرشماتی لیڈر تھیں اور ان جیسے کرشماتی لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے ہمیشہ نفرت نہ کرنا اور دوسروں کو معاف کرنا سکھایا وہ پاکستان میں جمہوری جدوجہد کی معمار اور پسماندہ طبقات و اقلیتوں کے حقوق کی محافظ اور خواتین کی ترقی و خودمختاری کی عملی جدوجہد کی علمبردار تھیں۔