اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے اضافی 100 ملین ڈالر کے امریکی اعلان کو سراہا، ملاقات کے دوران پاکستانیوں کے لئے ویزہ انٹرویو سے متعلق سہولیات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس حوالے سے بلاول بھٹو نے بتایا کہ ویزہ سہولیات سے متعلق امریکی وزیر خارجہ سے تفصیلی بات ہوئی، اس اقدام سے نہ صرف ویزہ لینے کا عمل تیز ہوگا بلکہ عوامی رابطہ بڑھے گا۔
ملاقات میں امریکی سفیر نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے پاکستانی عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے چین کے سفیر نونگ رونگ کی الوداعی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں سی پیک منصوبے سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے چینی سفیر کی خدمات کو سراہا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چینی سفیر نونگ رونگ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔