کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ یہ بلدیاتی الیکشن بھائی کو بھائی سے لڑوانے کا الیکشن تھا، الیکشن کمیشن اور پیپلز پارٹی کے گٹھ جوڑ سے یہ الیکشن ہوا ہے۔
پی آئی بی کے ایم سی گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ تم نے ہماری مئیر کی سیٹ لی ہم اکتوبر میں تمہاری وزیر اعلیٰ کی سیٹ چھین لیں گے، قربانیوں کے بعد دھوکے ملے، اب اعتماد کا ووٹ لینے آؤ گے تو کرارا سوال لے کر جاؤ گے، ہمارا سوال یہ ہوگا کہ اب ہم آپ کو کیوں ووٹ دیں، تم نے کراچی کیلئے کیا کیا ہے، اب ہم اعتماد کا ووٹ سنبھال کر رکھیں گے اب سرفراز بھی دھوکہ نہیں کھائے گا۔
ایم کیو ایم کے سینئر رہنما نے کہا کہ ہم پاکستان بنا سکتے ہیں تو پاکستان بنانے والوں کو جوڑ بھی سکتے ہیں، ان کی موجودہ نسل کو دربدر ہونے سے بچا سکتے ہیں اور ان کی قسمت بھی بنا سکتے ہیں، پاکستان بنانے والوں کی بگڑی کو اللہ کے حکم سے بنا سکتے ہیں، یہ وہ موقع ہے جو اللہ نے ہمیں عطا کیا ہے، ایم کیو ایم کی اصل قیادت یہاں موجود ہے، ہمارے آباؤ اجداد کے ساتھ تھے آج یہ ایم کیو ایم کے ساتھ ہیں، جاگیردار وڈیرے ایک طرف ہیں اور پاکستان بنانے والے ایک طرف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بنانے والوں کی بگڑی کو بنانا ہے، ان کی محرومیوں، مایوسیوں کو ختم کرنا ہے، ان کو امید کی راہ پر گامزن کرنا ہے، آج کے دن پاکستانیوں کی از سر نو تشکیل کرنے کے سفر کا آغاز ہے، ایک یکجہتی بڑا اتحاد بڑا انقلاب قائم کر دیا تو پاکستان معاشی مشکلات سے نکل پائے گا، پاکستان کی سیاست مستحکم ہو جائے گی اور متوسط طبقے کی حکمرانی ہو گی، اب انتشار ہماری ڈکشنری اور لغت میں نہیں۔
سینئر رہنما ایم کیوایم فاروق ستار نے مزید کہا کہ اب ہم متحرک اور متحد ایم کیو ایم پاکستان ہیں، ہم نے قربانیاں بھی اس لئے دیں کہ لوگوں کو ساتھ ملا سکیں، نوجوان خون کو تحریک میں شامل کرنے کا عزم جاری رکھنا ہے، 35 سے 40 سالوں سے کام کرنے والوں کی عظمت رفتہ کو اگلی نسل میں منتقل کرنا ہے، نئی قیادت کو نئے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے آگے لانا ہے۔