اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان سے زیر حراست فواد چودھری کے آئینی حقوق کے تحفظ کی اپیل کی ہے۔
عمران خان کی جانب سے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے نام لکھے گئے خط میں کہا کہ زیرِ حراست افراد پر تشدد یا وقار کے خلاف اقدامات آئین کی خلاف ورزی ہے، فواد چودھری کو بنیادی انسانی حقوق فراہم کیے جائیں۔
خط میں چیئرمین پی ٹی آئی نے اعظم سواتی اور شہباز گل پرتشدد اور غیرانسانی سلوک کا حوالہ بھی دیا، انہوں نے اپیل کی کہ زیر چیف جسٹس پاکستان آئین کے محافظ ہونے کے ناطے زیر حراست افراد کی عزت اور وقار کے لیے اقدامات کریں۔
دوسری جانب فواد چودھری کے بھائی اور وکیل فیصل چودھری نے بھی چیف جسٹس کے نام خط لکھ کر فواد چودھری کی گرفتاری کا ازخود نوٹس لینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ خدشہ ہے فواد چودھری کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا۔
فیصل چودھری نے مزید کہا کہ فواد چودھری کے کیس میں شہباز گل والی قسط دہرائی گئی ہے۔