لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں سرکاری ہسپتالوں میں امراض قلب کے مریضوں کیلئے دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نگران صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، نگران صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر، چیف سیکرٹری، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن رضا نقوی نے کارڈیک ایمرجنسی سروسز کی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے سفارشات طلب کر لیں، اس موقع پر لازمی کارڈیک ایمرجنسی سروسز کی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے 4 رکنی کمیٹی تشکیل بھی دی گئی۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، دیگر ممبران میں صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈی ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر، ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن شامل ہیں۔
کمیٹی سرکاری ہسپتالوں میں انجیو پلاسٹی اور سٹنٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے حتمی سفارشات مرتب کرے گی اور سرکاری ہسپتالوں میں لازمی کارڈیک ایمرجنسی سروسز کے نفاذ کیلئے دستیاب سہولتوں کا جائزہ لے کر چند روز میں سہولت کے حوالے سے حتمی تجاویز دے گی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ دل کے مریضوں کے بروقت علاج کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے، کارڈیک مریضوں کی سہولت کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے اشتراک کا بھی جائزہ لیا جائے۔