پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے سابق وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نےاعلان کیا تھا کہ صوبے کو 10 ارب روپے دیں گے، آج تک ایک روپیہ نہیں دیا۔
تحریک انصاف کے رہنما نے وزیراعظم کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے صوبے کو فراہم کردہ 417 ارب روپے سے متعلق مکمل طور پر غلط تفصیلات شیئر کیں، صوبے کو 417 ارب روپے ساتویں این ایف سی کی مد میں ملے یہ رقم دہشتگردی سے ہوئے نقصانات کے ازالے کیلئے ملی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کوانسداد دہشتگردی کیلئے417 ارب روپے دیئے ، کہاں گئے: وزیراعظم
تیمور سلیم جھگڑا نے مزید کہا کہ پچھلے دس سالوں میں سکیورٹی پر 600 ارب روپے خرچ ہوئے، جس میں 390 ارب روپے پچھلے 4 سال میں خرچ ہوئے، آپ کے اتحادیوں کے دور میں بلٹ پروف جیکٹس میں کرپشن ہوئی، ایک بلٹ پروف تھانہ پشاور میں تعمیر کیا گیا جو بارش سے خراب ہوگیا۔
سابق صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہم نے پولیس کی نفری بڑھائی، سی ٹی ڈی کو بجٹ دیا، پولیس ایکٹ لائے، ٹریننگ سکولز بنائے، 27000 لیویز اور خاصہ داروں کو پولیس میں ضم کیا، موجودہ حکومت نے قبائلی اضلاع کو مکمل طور پر نظر انداز کیا۔