لاہور : (دنیا نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں مریم نواز نے پارٹی صدر شہباز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں پارٹی کی تنظیم سازی اور ملک بھر میں ورکرز کنونشز کے انعقاد بارے مشاورت ہوئی، دونوں رہنماؤں نے پارٹی کے ناراض اراکین کو منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی، شہباز شریف اور مریم نواز نے شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے پر اتفاق کیا، وزیراعظم نے مریم نواز کو جلد شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی ہدایت کی ہے۔
اس حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان نواز شریف کے دیرینہ ساتھی ہیں۔
پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ممکنہ انتخابات کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ہے، شہباز شریف لیگی کارکنوں کو انتخابات کے حوالے سے بھی جلد پیغام جاری کرینگے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کو قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لینا چاہئے، مولانا فضل الرحمان
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، الیکشن کمیشن کی مقرر کردہ تاریخ پر مسلم لیگ ن بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز کے درمیان ملاقات میں مہنگائی کی لہر بارے بھی گفتگو ہوئی، ملاقات میں عوام کو مہنگائی سے چھٹکارے کیلئے ریلیف دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے جمعیت علماۓ اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی ہے ، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔