الخدمت فاؤنڈیشن کی ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری

Published On 09 February,2023 09:35 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے بتایا کہ امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کےلیے "قرض بھی ، فرض بھی" مہم کا آغاز کر دیا گیا، ترک عوام نے پاکستان میں کسی بھی آفت پر دل کھول کر مدد کی اور اب جبکہ انہیں ہماری ضرورت ہے تو ہم بھی ان کی داد رسی میں کسی طور پیچھے نہیں رہیں گے۔

الخدمت فاؤنڈیشن ملک اور بیرون ممالک سے ترک بہن بھائیوں کےلیے عطیات جمع کر رہی ہے اور ترکیہ میں برادر تنظیموں کی مدد سے پکے پکائے کھانے، فوڈ پیکیج ،گرم کپڑوں، خیموں، بستروں اور کمبلوں کی فراہمی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ڈاکٹرز کی ٹیم ضروری سامان اور ادویات کے ہمراہ ترکیہ پہنچ رہی ہے اور جلد متاثرہ علاقوں میں میڈیکل آپریشنز کا آغاز کر دے گی۔

دوسری جانب الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد عبدالشکور زلزلہ متاثرین کی داد رسی اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے اپنی ٹیم کے ہمراہ ترکیہ پہنچ گئے ہیں، جہاں انہوں نے ترک رفاعی ادارے حیرات فاؤنڈیشن اور آئی ایچ ایچ کے عہدیداران کے ساتھ ساتھ پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ ملاقات کی اور زلزلہ زدہ علاقوں میں پاکستانی طلبہ و طالبات اور بزنس کمیونٹی کے کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ امدادی ٹیموں کے ساتھ مل کر زلزلہ زدہ علاقوں میں قیمتی جانیں بچانے میں مدد کریں۔