معاشی مشکلات کے باوجود ترکیہ، شامی بہن، بھائیوں کی مدد جاری رکھیں گے: وزیر اعظم

Published On 01 March,2023 07:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پورا پاکستان اپنے ترک اور شامی بھائیوں کے ساتھ ہے۔

ترکیہ اور شام کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لینے والے کارکنوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ، شام میں زلزلے سے بہت تباہی ہوئی، امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والوں کو خراج تحسین پیش اور ان کا  شکریہ بھی ادا کرتا ہوں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ریسکیو ٹیموں نے ترکیہ میں بغیر وقت ضائع کیے اپنی خدمات سرانجام دیں، ترکیہ کی عوام پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، پاکستانی ریسکیو ٹیم نے ترک بہن، بھائیوں کے دلوں میں جگہ بنالی ہے، ترکیہ کے ساتھ پاکستان کا رشتہ بہت مضبوط ہے، آج کی محفل ریسیکیو ٹیموں کی خدمات کو سراہنے کیلئے سجائی، ریسکیو ٹیموں میں حصہ لینے والے پوری قوم کے ہیرو ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو آج معاشی چیلنجز اور مشکلات کا سامنا ہے، ترکیہ کی عوام کیلئے جو کچھ ہوا کریں گے، ترکیہ، شام میں بے شمار امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے، کفایت شعاری مہم کے تحت اب بسکٹ چائے پیش کرتے ہیں، صرف ریسکیو ٹیموں کیلئے آج بندوبست کیا ہے، این ڈی ایم اے نے امدادی کاموں میں بہترین کام کیا، پاکستان ایئرفورس، نیول چیف کا بھی شکر گزار ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے مسلمانوں کے تعلقات صدیوں پرانے ہیں، پاکستان اپنے ترک اور شامی بہن، بھائیوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا، کابینہ نے ایک ماہ کی تنخواہ زلزلہ متاثرین کو دینے کا اعلان کیا ہے، وزیر خزانہ نے اپنی جیب سے دو کروڑ کا عطیہ دیا، مخیر حضرات بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود برادر ملکوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، کل شام بھی ایک بحری جہاز امدادی سامان لیکر ترکیہ اور شام کیلئے روانہ ہوا ہے، امدادی سامان میں ترکیہ اور شام کیلئے سردی سے بچاؤ کے خیمے شامل ہیں۔

Advertisement