وہاڑی: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بڑی مشکل سے پار لگیں گے، کبھی نہیں سوچا تھا ایسے شخص کو وزیراعظم بنا دیا جائے گا، ہمیں اگلے دس سال کا سوچنا ہے۔
وہاڑی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کو موقع ملا ہم نے جنوبی پنجاب کا کام کیا، جنوبی پنجاب ہماری اپنی دھرتی ہے، ہمارا مقصد قوم اور عوام کی خدمت ہے، ہم نے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے، اونچ نیچ آتی رہتی ہے، پاگل خان ہمیں دلدل میں پھنسا گیا ہے، اس نے ملک کا خانہ خراب کر دیا، عمران خان آج بھی ون ڈے کرکٹ کھیلتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دیوالیہ ہونے سے ملک ختم نہیں ہوتے: آصف علی زرداری
سابق صدر نے مزید کہا کہ عمران خان اس جگہ جانا چاہتا ہے جہاں سے وہ نکالا گیا، فکر نہ کریں سب صحیح ہو جائے گا، غریب کی آواز اللہ سنے گا، پاکستان ایک بڑی طاقت بن کر رہے گا، ہم اس ملک کو آگے چلائیں گے، یہ ملک ہم سب کا ہے، دیوالیہ کی باتیں ہو رہی ہیں، جاپان دیوالیہ ہوا، امریکا دیوالیہ ہوا اس سے فرق نہیں پڑتا، وہ وقت آئے جب ہم پاکستان کو آگے لے کر چلیں گے۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ایک زمانے میں انڈیا کے پاس صرف ایک بلین ریزرو تھے، انڈیا کو اپنا سونا بیچنا پڑا، ہمارے پاس ڈالرز نہیں ، دیوالیہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا، عوام چاہتی ہے میں یہاں سے الیکشن لڑوں، اس پر پارٹی سے بات کروں گا، پیپلز پارٹی لوگوں کی پارٹی ہے، ہماری پارٹی کے ہزاروں ورکرز شہید ہوئے۔