لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے خواتین کے لیے سیفٹی ایپ کو فعال کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محسن نقوی کو انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف نے خواتین کی مدد کے لیے بنائی گئی ایپ "میری آواز" بارے بریفنگ دی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ہراسانی کا شکارخواتین "میری آواز" کا بٹن دبا کر فوری مدد حاصل کرسکیں گی،"میری آواز" ایپ کو پنجاب بھر میں خواتین کی مدد کیلئے استعمال کیا جائے گا، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ایپ "میری آواز" استعمال میں آسان ترین ہوگی ”میری آواز“ایپ کا مقصد کم از کم وقت میں پولیس کا تیز ترین رسپانس ہے۔
دوران بریفنگ مزید بتایا گیا کہ ایپ پر پنک بٹن دبانے پر قریب ترین پولیس ٹیم چند منٹ میں موقع پر پہنچ جائے گی، کمپلینٹ رجسٹریشن فارم کے ذریعے ہنگامی صورتحال کا شکارخاتون کا ڈیٹا خود کار نظام کے تحت متعلقہ تھانے پہنچ جائے گا، ایپ کو فعال کرنے کیلئے ڈی آئی جی انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ضروری اقدامات شروع کردیئے ہیں، ہیلپ لائن پر ہراسانی،تشدد اوردیگر ایمر جنسی میں پولیس فوری رسپانس کرے گی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خواتین کیلئے سیفٹی ایپ فعال کرنے اور آئی جی کمپلینٹ 1787 ہیلپ لائن کوبھی خواتین کے تحفظ کیلئے مزید فعال بنانے کی ہدایت کی۔