گزشتہ 5 سال میں نواز شریف پر کڑا وقت آیا، کیا وہ چھپا؟: مریم نواز

Published On 14 March,2023 06:16 pm

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ جب تک نواز شریف کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا (ن) لیگ ایسا الیکشن کبھی نہیں چاہے گی، انصاف کے پلڑے برابر پھر چاہے صبح الیکشن کرا دو، عمران خان دندناتا پھرے ایسا نہیں ہوگا۔

شیخوپورہ میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ کو نواز شریف کا سلام، ہم تحریک انصاف کی طرح نہیں بہنوں، بیٹیوں کی عزت کرتے ہیں، قوموں کی زندگیوں میں مشکل وقت آتے رہتے ہیں، جو مشکل وقت میں چھپ جائے اس کو گیدڑ کہتے ہیں، جو امتحان میں فیل ہو جائے اس کو لیڈر نہیں عمران خان کہتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ گزشتہ 5 سالوں میں نواز شریف پر کڑا امتحان آیا کیا وہ چھپا؟، نواز شریف نے کارکنوں کو ڈھال نہیں بنایا، نواز شریف بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر پاکستان آیا تھا، مشرف دور اور گزشتہ 5 سالوں میں نواز شریف پر کڑا وقت آیا، کیا نواز شریف گھبرا کر چھپا؟ کیا نواز شریف نے کہا 70 سال کا ہوں اور بیمار ہوں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ نواز شریف نے مشرف کے چیلوں کو کہا تھا ڈکٹیشن نہیں لوں گا، ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، عمران خان لاہور میں ہوتے ہوئے چارپائی کے نیچے چھپا ہوا اور نواز شریف لندن سے آیا تھا، کیا لندن جا کر پاکستان کی پولیس گرفتار کر سکتی تھی؟، نواز شریف مرتی ہوئی بیوی کو چھوڑ کر آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: قوم کے بیٹے فالتو نہیں، وہ اپنا فرض نبھا رہے ہیں: مریم نواز

انہوں نے کہا کہ اگر تم نے چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے، جس نے چوری نہیں کی ہوتی وہ تین نسلوں کا حساب دیتا ہے، جس رانا ثنا اللہ کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا، آج وہی رانا ثنا اللہ وزیر داخلہ اور عمران چھپ کر بیٹھا ہے، کبھی سیاسی لیڈر کو گرفتاری سے چھپتے نہیں دیکھا، رانا ثنا نے راستے میں بتایا زمان پارک چھپ کر بیٹھا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا عدالت بلاتی ہے تو پلستر والی ٹانگ دکھا دیتا ہے، یہ کیسا خطرہ ہے جوعدالت میں ہوتا ہے جلسوں میں نہیں، پولیس گرفتار کرنے پہنچی تو بچوں کی طرح رونا شروع کر دیا، اگر میرا باپ ایسا ہوتا تو شرم کے مارے کسی کو منہ نہ دکھا سکتی، آجکل ٹی وی پر روتا ہے مریم کو جلسوں کی آزادی ہے، کیا مریم کو آزادی تم نے پلیٹ میں رکھ کر دی تھی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ تمہارا چار سال جبر برداشت کیا تم مرد ہو کر بھی برداشت نہیں کر سکتے، کہتا تھا نواز شریف کی جیل سے اے سی اتروا دوں گا، آج چوہے کی طرح بل میں بیٹھا ہے، کل لاہور میں اس کی ننھی منی ریلی تھی، کل لاہور والوں نے اس کی ریلی کو مسترد کیا، کل لاہور کی سڑکیں سونی تھیں، یہ لاہور کی خالی سڑکوں کے چکر لگاتا رہا عوام نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ اب کوئی ماں اپنا بیٹا شہید کرانے کو تیارنہیں، ظل شاہ کئی ہفتوں اس کے گھر کے باہر حفاظت کرتا تھا، اس نے ظل شاہ کو کبھی منہ نہیں لگایا تھا، ظل شاہ جاتے جاتے عمران خان کا مکروہ چہرہ دکھا کر گیا، اس لیے کل لاہور والے نہیں نکلے، جب اسے پتا چلا ظل شاہ کی موت ہو گئی تو سیاست شروع کر دی۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ ظل شاہ کے والد کو اس نے ڈھائی گھنٹے انتظار کرایا، میرا دل خون کے آنسو رویا، اپنے اس کے بچے لندن میں ہوتے ہیں، ابھی ڈیم والے بابا کا انٹرویو سن کر آئی، کہتا ہے مریم نواز بدتمیز ہے، کہتا ہے مریم نواز بے ادب ہے، ثاقب نثار کہنا چاہتی ہوں میری تربیت نواز شریف، کلثوم نواز نے کی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے مجھے جابروں کے سامنے کلمہ حق کہنا سکھایا ہے، مریم نواز بدتمیزی نہیں تمہارا گھناؤنا چہرہ دکھا رہی ہے، اگر انصاف کے دو معیار ہوں گے تو چپ کر کے نہیں بیٹھوں گی، الیکشن آنے والا ہے، مسلم لیگ (ن) الیکشن جیتنے کیلئے میدان میں اتر چکی ہے، آپ کا جذبہ دیکھ کر لگ رہا ہے شیخو پورہ سے الیکشن کیلئے کھڑی ہو جاؤں۔