اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ زمان پارک میں جو ہوا وہ عدالتی فیصلوں اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، صورتحال پر ازخود نوٹس لینے کیلئے چیف جسٹس پاکستان کو درخواست جمع کروا دی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہم نے چیف جسٹس کے آفس میں ازخود نوٹس کی درخواست جمع کروائی ہے، امید ہے چیف جسٹس صاحب اس معاملے کو دیکھیں گے، ہمیں خدشہ ہے کہ یہ عمران خان کو گرفتار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، یہ ہائی کورٹس کے احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مزید کہا ہے کہ اس وقت آئین خطرے میں ہے، چیف جسٹس کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین کو بچائیں، یہ کسی قانون اور ضابطے کو نہیں مانتے، یہ صرف جبر اور طاقت سے ملک کو چلانا چاہتے ہیں، ہمیں بتایا گیا کہ چیف جسٹس صاحب کوئٹہ کیلئے روانہ ہو چکے ہیں، عملے نے کہا کہ آپ کی درخواست ابھی چیف جسٹس کو بھجواتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے زمان پارک میں آپریشن کیخلاف درخواست دائر کردی
انہوں نے کہا کہ اس وقت واحد ادارہ نظر آ رہا ہے جو ہمیں انصاف دے گا، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، بڑی سیاسی جماعت کو انتخابات سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، امید رکھتے ہیں کہ سپریم کورٹ ہمارے بنیادی حقوق کو تحفظ دے گی، مذاکرات کیلئے کوئی رابطہ نہیں ہوا، ملک کی معیشت ڈوب رہی ہے ان کو کوئی خیال نہیں ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما نے مزید کہا کہ ان کو صرف اقتدار میں رہنا ہے اور اپنے مقدمات ختم کروانے ہیں، پولیس ان کی ذاتی ملازم بنی ہوئی ہے، آئی جی کے رویے پر افسوس ہے وہ اس طرح کا سلوک رہے ہیں جس طرح دشمنوں کے ساتھ کیا جاتا ہے، آئی جی قانون سے بالاتر ہوکر ذاتی ملازم کے طور پر کردار ادا کر رہے ہیں، زمان پارک میں عورتیں اور بچے موجود ہیں۔