غریب کیلئے الگ اور امیر کیلئے الگ انصاف ہے: امیر جماعت اسلامی سراج الحق

Published On 18 March,2023 06:21 pm

صوابی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آج مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی، آج عدالتوں میں انصاف نہیں، غریب کیلئے الگ انصاف امیر کیلئے الگ انصاف ہے، لاوارث پاکستان میں بدامنی ہے۔

صوابی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ یہ خوبصورت پاکستان ڈاکو، چوروں، سود خواروں کیلئے نہیں، یہ اس لئے بنا کے یہاں پر اسلامی نظام ہو، یہاں پر گورنر اور حکمران لوگوں کے خادم ہوں گے لیکن افسوس یہاں پر وہی انگریزی نظام و سامراجی نظام ہے، آئیں مل کر ایک ایسا نظام لائیں جہاں پر محمود و ایاز ایک صف میں کھڑے ہوں۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کا منشور ہے کہ بندے کو امیر نہیں الله کی طرف بلایا جائے، لیڈر کی طرف نہیں محمد مصطفیٰ کی طرف بلایا جائے، معاشی دہشت گردی، عدالتی دہشت گردی عروج پر ہے، عمران خان کو گیارہ منٹ میں 8 مقدمات میں ضمانت دی گئی، پاکستان میں ریاستی رٹ نہیں ہے، عمران خان کی اسلام آباد میں تاریخ ہے اور مالاکنڈ کے لوگوں کیلئے روڈ بند ہے۔