لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دار الحکومت سمیت مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
شہر کا درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے،کینال روڈ، مسلم ٹاؤن، گڑھی شاہو اور ارد گرد کے علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔
علاوہ ازیں لالیاں اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور اکثر مقامات پر ژالہ باری ہوئی، بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے جہاں موسم خوشگوار بنا دیا وہیں گندم کی فصل بھی متاثر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں مون سون بارشیں معمول سے کم رہنے کی پیش گوئی
بہاولپور، احمد پور شرقیہ اور اوچشریف میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش سے مختلف علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی، جس سے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
جھنگ، شاہ کوٹ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، چنیوٹ، سانگلہ ہل، چناب نگر، صفدر آباد، عمر کلور کوٹ سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں طوفانی بارش کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے، بارش سے گندم کی کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔
مینگورہ شہر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہو گیا، بارش کا پانی سڑکوں پر بہنے لگا، سڑکوں پر پانی بہنے سے لوگوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔