لاہور : (دنیانیوز) احتساب عدالت لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری کے معاملے میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 13 مئی تک توسیع کردی ہے۔
احتساب عدالت میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی، اس دوران عثمان بزدار کے وکیل نے کوریئرکا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔
عدالت میں عثمان بزدار کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ نیب نے عثمان بزدار سے 4 سوال پوچھے ان کے جواب دے دیے ہیں، سابق وزیرعلیٰ نے سوالوں کےجواب کوریئر سروس کے ذریعے جمع کروائے، جو 4 سوال پوچھے گئے وہ بتا دیے ہیں، جو جائیدادیں پوچھیں ان کا ریکارڈ بھی دے دیا ہے۔
نیب تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے 30 سوالات دیے اور انہوں نے 4 سوالوں کےجوابات دیے، انہوں نے مزید سوالوں کے جوابات کے لیے 30 روز کا وقت مانگا ہے۔
نیب افسر کے جواب پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے وکیل نے کہا کہ ہم ان کے تمام سوالوں کے جواب عدالت کے سامنے دینے کو تیار ہیں، نیب نے 9 مئی کو طلب کیا ہے اس دن ملتان بینچ پیش ہونا ہے ہم 10 مئی کو پیش ہونے کےلیے تیار ہیں۔
عدالت نے کہا کہ درخواست کا جلد فیصلہ کرنا ہے لہٰذا دونوں فریقین قانون کے مطابق کام کریں۔
عدالت نے عثمان بزدار کو 10 مئی کو نیب آفس پیش ہونےکی ہدایت کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 13مئی تک توسیع کردی ۔
یہ بھی پڑھیں :عثمان بزدار کو گرفتار نہ کرنے کے حکم میں 8 مئی تک توسیع
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے عثمان بزدار کی سیاسی بنیادوں پر مقدمہ پر حفاظتی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کیا ہے ، عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو گرفتار نہ کرنے کے حکم میں 8 مئی تک توسیع کردی ہے ۔