اسلام آباد: (دنیانیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما و سیکرٹری جنرل اسد عمر کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کرلیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق رہنما تحریک انصاف اسد عمر اور شاہ محمود قریشی اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک درخواست لے کر آئے تھے جس میں انہوں نے استدعا کی تھی کہ انہیں عمران خان سے ملنے نہیں دیا جارہا۔
اسد عمر یہ درخواست لے کر چیف جسٹس کے کمرہ عدالت کی طرف گئے جہاں سے باہر نکلنے پر اسلام آباد پولیس کے اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ اسد عمر کو گرفتار کرکے روانہ ہوگئی ۔
اسد عمر، شاہ محمود قریشی، علی اعوان و دیگر رہنماؤں کے خلاف رات گئے 2 مقدمات تھانہ آبپارہ اور ترنول درج کیے گئے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسد عمر کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے مختلف شہروں میں احتجاج کیا جارہاہے۔
یہ بھی پڑھیں :سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی اہلیہ اور بھائی گرفتار
دوسری جانب حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کاسلسلہ بھی جاری ہے، آج صبح پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی اہلیہ اور بھائی کو بھی گرفتار کیا ہے۔
گزشتہ روز کراچی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی کو گرفتار کیا تھا ۔