احتجاج آئینی حق ہے ، سیاسی و عسکری قیادت کو آگاہ کردیا : صدر مملکت

Published On 11 May,2023 03:44 pm

اسلام آباد : (دنیانیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ احتجاج ہر پاکستانی کا آئینی حق ہے، جس کو ہمیشہ قانون کے دائرے میں کیا جانا چاہیے ، سیاسی اور عسکری قیادت کو اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا  کہ عمران خان کی گرفتاری اور زدوکوب سے پیدا صورتحال پر پریشان ہوں، انسانی جانوں کا ضیاع باعث تشویش اور انتہائی قابل مذمت ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض شرپسندوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا،  سرکاری اور فوجی عمارت کو پہنچائے جانے والے نقصان کی مذمت کرتا ہوں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں جبر اور گرفتاریوں کے بجائے معاملات کا سیاسی حل تلاش کرنا ہو گا، امید کرتا ہوں کہ حالات بہتر ہوں گے۔

صدر مملکت عارف علوی نے تمام شہریوں سے پرامن رہنے کی بھی  اپیل کی ہے ۔

واضح رہے کہ منگل کو نیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں  احتجاج کیا جارہا ہے ۔

 

Advertisement