اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی مسرت جمشید چیمہ کے ساتھ کال کی مبینہ آڈیو لیک ہو گئی۔
عمران خان ہائیکورٹ میں زیر سماعت کیس پر مسرت چیمہ کو ہدایات دے رہے ہیں، عمران خان مسرت چیمہ کو اعظم سواتی کے ذریعے پیغام پہنچانے کا بھی کہہ رہے ہیں۔
آڈیو کال میں عمران خان کہتے ہیں کہ ہاں مسرت کیا سچویشین ہے؟ کیا ان کو میسج پہنچ گیا ہے؟ مسرت جمشید چیمہ نے جواب دیا جی سر ان کو مسیج پہنچا دیا ہے، ہم ادھر ہائی کورٹ میں بیٹھے ہوئے ہیں اور ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم نہیں جائیں گے، خان صاحب کو پیش کریں۔
عمران خان نے کہا کہ خواجہ حارث وہاں ہے، جس پر جواب دیتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ خواجہ حارث، سلمان صفدر دونوں میرے ساتھ ہیں، میں ان کے ساتھ بیٹھی ہوں، میں آپ کی بات بھی کرا سکتی ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ اعظم سواتی سے بات ضرور کریں، وہ سپریم کورٹ بات ضرور کرے، یہ جو انہوں نے کیا یہ تو بالکل مالافائیڈی ہے، جس پر مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ جی بالکل سر آپ بے فکر ہو جائیں۔
پھر عمران خان نے کہا کہ یہ کیا کر رہا ہے جو چیف جسٹس ہے، یہ تو ان سے آرڈر لیتے ہیں۔
اس پر مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ نیب والے آئے، فلانے آئے، تو ہم نے کہا ہے بھئی انہیں کورٹ میں پیش کریں، ہم نے کہا کورٹ میں موجود ہم ایسے نہیں جائیں گے۔
جس پر عمران خان دوبارہ کہتے ہیں کہ نہیں یہ تو ان سے یہ آرڈر لیتا ہے، اعظم سے بات کریں دوسری طرف ، ابھی اعظم سے ضرورت بات کریں۔