لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی رہنما اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کو سروسز ہسپتال سے پولیس لائن ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کو آج صبح مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا اور پولیس کی جانب سے ان کے راہداری ریمانڈ کی درخواست کی جائے گی۔
خیال رہے کہ سابق صوبائی وزیر کی طبیعت ناساز ہونے پر جیل حکام نے انہیں اپنی تحویل میں سروسز ہسپتال منتقل کیا تھا جہاں وہ زیر علاج تھیں، ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے سروسز ہسپتال میں ڈاکٹرز سے یاسمین راشد کی پولیس لائن ہسپتال منتقلی پر مشاورت کی تھی جس پر ڈاکٹرز نے سی سی پی او کو بتایا تھا کہ یاسمین راشد کی میڈیکل رپورٹس کے بعد حتمی رائے دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد لاہور پولیس کو تین مقدمات میں مطلوب ہیں اور ان کے خلاف تھانہ سرور روڈ، گلبرگ اور تھانہ شادمان میں مقدمات درج ہیں، تینوں مقدمات میں دہشتگردی سمیت دیگر سنگین دفعات شامل ہیں۔