9 مئی کو ہونے والی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتا ہوں: علی زیدی

Published On 17 May,2023 04:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ مجھ سے کوئی پی ٹی آئی نہیں چھڑوا سکتا، یہ میری جماعت ہے، مجھے عمران خان بھی نکالے گا تو میں چوکیداری کروں گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ میں دو دن پہلے گھر آیا ہوں، میں شکر گزار ہوں مجھے گھر منتقل کیا گیا، میں بہت شدید الفاظ میں مذمت کرنا چاہتا ہوں، اسٹیٹ کا جو اثاثہ ہے پولیس کی گاڑی پاکستان کی گاڑی ہے، سپریم کورٹ، پاکستان آرمی، پاکستان ریلوے یہ تمام پاکستان کے اثاثے ہیں، جناح ہاؤس میں جو توڑ پھوڑ کی گئی، میانوالی میں کورٹ کو جلا دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت پی ٹی آئی رہنماؤں، کارکنان کوگرفتار کر کے دہشت پھیلا رہی ہے : عمران خان

تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے مزید کہا ہے کہ ایئر فورس کا جہاز جلایا گیا، ریڈیو پاکستان جلا دیا گیا، میرے دل کو سب سے زیادہ جو تکلیف ہوئی جو شہدا کی یادگاروں کو جلا دیا گیا، ہم رات کو جو آرام سے سوتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ باڈرز کی حفاظت کی جاتی ہے، آپ کی فضائی حدود کی حفاظت کون کرتا ہے، فوج ہم سے ہے اور ہم فوج سے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ یہ جو دہشت گردی ہوئی ہے ان کا حساب کتاب ہونا چاہیے، فوج، رینجرز اور پولیس کی گاڑی کو آگ لگانا کون سا احتجاج ہے، میں شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، میں نے پی ٹی آئی اس دن چھوڑنی ہے جس روز عمران خان نے پی ٹی آئی چھوڑنی ہے، مجھ سے پی ٹی آئی چھڑوانی ہے تو میرے ماتھے پر گولی مار دو۔
 

Advertisement