راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے 190 ملین پاؤنڈز کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کے کیس میں کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے پوچھ گچھ مکمل کر لی۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان طلبی کے نوٹس پر نیب راولپنڈی کے سامنے پیش ہوئے جہاں کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے ایک گھنٹہ بات چیت کے بعد کیس سے متعلق پوچھ گچھ مکمل کر لی۔
یہ بھی پڑھیں: القادر ٹرسٹ کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی
تحقیقاتی ٹیم کے سوالوں پر چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق فیصلے کا ریکارڈ کابینہ ڈویژن کے پاس ہے، این سی اے برطانیہ کے ریکارڈ تک میری رسائی نہیں اور القادر ٹرسٹ کا ریکارڈ نیب کو پہلے ہی مل چکا ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے نیب راولپنڈی میں پیشی کے دوران اپنی ممکنہ گرفتاری کا خدشہ بھی ظاہر کر رکھا ہے جبکہ دوسری جانب نقص امن کے پیش نظر راولپنڈی میں دفعہ 144 میں 28 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔