اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پاکستانی عوام کی جانب سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگا ن کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کر دیا۔
اس سلسلے میں ایک سول بحری کارگو 24 کنٹینرز پر مشتمل امدادی سامان جس میں ترپال، خیمے، بستر، کپڑے اور جنریٹر شامل ہیں، لیکر آج پورٹ قاسم کراچی سے روانہ ہوا، بھیجے گئے 186.23 ٹن سامان میں سے 180 ٹن امدادی سامان شام جبکہ 6.23 ٹن پر مشتمل 2 کنٹینرز ترکیہ روانہ کئے گئے۔
این ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق یہ جہاز امدادی سامان پر مشتمل کنٹینرز لے کر 25 جون کو مرسین بندرگاہ پہنچے گا جسے اے ایف اے ڈی کے نمائندے وصول کریں گے جبکہ شام میں پاکستان کے سفیر 20 جولائی 2023 کو شام کی لطاکیہ بندرگاہ پر سامان وصول کریں گے۔
— NDMA PAKISTAN (@ndmapk) May 26, 2023
سامان کی اس کھیپ میں فلاحی تنظیموں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی جانب سے فراہم کردہ سامان شامل ہے، ترجمان کے مطابق 6 فروری 2023 کو ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے متاثرین کی امداد کے لیے این ڈی ایم اے پاکستان تا حال مصروف عمل ہے۔