اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزراء سمیت مزید کئی رہنماؤں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرنے والوں میں سابق صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر، سابق صوبائی وزیر تیمور بھٹی، سابق صوبائی وزیر سمیع اللہ، سابق صوبائی وزیر چودھری اخلاق، راجہ خرم نواز، سابق چیئرمین ٹیوٹا مامون تارڑ، سردار منصب ڈوگر اور دیگر ساتھی شامل ہیں۔
چودھری اخلاق، تیمور بھٹی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہے، ہم تحریک انصاف سے اپنی راہیں جدا کر رہے ہیں، نو مئی کو دلخراش واقعات ہوئے، جسے ہم نہیں بھول سکتے، فوجی جوان ملک اور قوم کیلئے زندگیاں قربان کر رہے ہیں، نو مئی میں ملوث افراد کو سزائیں ملنی چاہئیں۔
سابق صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ نو مئی کو اگر فوج جواب دیتی تو اموات ہوتیں، پاک فوج نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جس پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، چند عناصر نےعمران خان کو غلط فیڈ کیا، عمران خان کو شاید بتایا گیا کہ انہیں فوج اقتدار میں نہیں آنے دے گی، درخواست ہے جو لوگ حملے میں ملوث نہیں ان کو رہا کیا جائے۔
ہاشم ڈوگر نے کہا کہ اگر احتجاج کرنا تھا تو رائیونڈ، بلاول ہاؤس کیوں نہیں گئے، اگر وہاں پر فوج کی پلٹون آجاتی تو حالات زیادہ خراب ہو جاتے، عمران خان سے بہت اچھا تعلق رہا، پی ٹی آئی میں رہ کر ہمیشہ بیلنس بات کی، ہمارا مسلم لیگ (ق) سے کوئی تعلق نہیں ہے، آپس میں مشاورت کے بعد اپنا فیصلہ کریں گے۔
یہ بھی پرھیں: پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے سیاست اور پارٹی کو خیربادکہہ دیا
تیمور بھٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نو مئی کے واقعات کو نہ روکا گیا تو یہ سیاست میں روش بن جائے گی، نو مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں، ہم نے فیصلہ کیا ریاست کے ساتھ کھڑے ہوں گے، آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا مل کر فیصلہ کریں گے۔
سابق صوبائی وزیر چودھری اخلاق نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے ذاتی مفادات نہیں ریاست کو بچانا ہے، میری آنکھوں کے سامنے بنگلادیش بنا، میرے بھائی نے تین سال بھارت میں قید کاٹی، افواج پاکستان نے ہمیشہ جانوں کی قربانیاں دیں، ہم پی ٹی آئی سے علیحدہ ہو رہے ہیں۔
سابق ایم این اے سردار منصب علی ڈوگر نے کہا کہ نو مئی کو جو کچھ ہوا نہیں ہونا چاہیے تھا، واقعات نے ہمیں ہلا کر رکھ دیا ہے، میں بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، فوج ہماری حفاظت کی ضامن ہے، نو مئی کے واقعات ہم سب کیلئے شرمندگی کا باعث ہیں، دس سال ایم این اے رہا ہوں، ہم سب فوج کے ساتھ ہیں، نو مئی کے واقعات سے دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔
سابق ایم پی اے مامون تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے ادارے ہیں تو ہم سب ہیں، ابھی ہم کسی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں بننے جا رہے، تحریک انصاف سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔
اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما راجہ خرم نواز نے پریس کانفرنس میں پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم فی الوقت سیاست سے دستبردار ہو رہے ہیں، ہمارے پاس پی ٹی آئی کے جتنے بھی عہدے ہیں ہم ان سے بھی دستبردار ہوتے ہیں، آئندہ سیاست کرنے یا نا کرنے کے حوالے سے ساتھیوں سے مل کر لائحہ عمل بعد میں بنائیں گے، خان صاحب کو بہت اچھا لیڈر پایا۔
راجہ خرم نواز نے مزید کہا کہ 9 مئی کو جو واقعات ہوئے، شہداء کی تصاویر پر پرتشدد حملے کئے گئے، ہم اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں، اس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، جو لوگ اس میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، جو لوگ ملوث نہیں اور جیلوں میں قید ہیں انہیں رہائی ملنی چاہیے، میرے اوپر کوئی کیس یا دباؤ نہیں، اداروں کیساتھ محاذ آرائی نہیں کی جا سکتی۔