اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، نواز شریف کو ریلیف ملنا چاہیے یہ ان کا حق ہے، جب الیکشن ہوں گے تو نواز شریف واپس آکر پارٹی کو لیڈ کریں گے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان 9 مئی کے اس سارے معاملے کے آرکیٹیکٹ ہیں، عمران خان نے نفرت کی سیاست نوجوانوں کے ذہنوں میں اتاری، میری اندازے سے عمران خان کی گرفتاری ضرور ہوگی، یہ انویسٹی گیشن ٹیم اور انویسٹی گیشن ایجنسیز کا اختیار ہے کہ وہ کس کو کس حد تک گنہگار ٹھہراتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آنے والے چیف جسٹس مسلم لیگ (ن) کو انصاف دینا چاہتے ہیں، جاوید لطیف
انہوں نے کہا کہ دفاعی تنصیبات پر حملہ کیا گیا، ریڈیو پاکستان کی بلڈنگ کو جلایا گیا، کیا کبھی کوئی سوچ سکتا ہے کہ شہداء کی نشانیوں کی بے حرمتی کی جائے، یہ عوامی ردعمل نہیں تھا، کسی شہر میں دس یا بیس ہزار لوگ جمع نہیں ہوئے، اڑھائی یا تین سو لوگوں کو تیار کیا گیا تھا اور ڈیوٹیاں لگائی گئیں، پورے ملک میں چند سو لوگوں نے عمران خان کی گرفتاری پر یہ ردعمل دیا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی نئی جماعت بنتی ہے تو وہ بنے، عوام جس کو چاہیں ووٹ دیں، پیپلز پارٹی کو بھی پورا حق ہے کہ وہ پنجاب میں اپنے پاؤں جمائیں، ہمارا بھی پورا حق بنتا ہے کہ ہم سندھ میں اپنے پاؤں جمائیں، نئی پارٹی معرض وجود میں آتی ہے اور وہ نفرت کے راستے پر نہیں چلتی تو اس کیلئے گنجائش ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ پارٹی کو چھوڑ رہے ہیں انہوں نے پہلے بھی پارٹیاں چھوڑی ہیں، کسی نے ان کو پارٹی چھوڑنے کا نہیں کہا، وہ اپنی مرضی سے سارا کام کر رہے ہیں، ہمارے پاس اتنی بھاری گنجائش نہیں کہ سب لوگوں کو لے سکیں۔