لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق ممبر صوبائی اسمبلی عائشہ اقبال اور رضا نصر اللہ گھمن نے پارٹی اور سیاست سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔
پریس کانفرنس میں عائشہ اقبال نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اور سیاست سے مکمل کنارہ کش ہو رہی ہوں، خون خرابے والی سیاست پسند نہیں، فیصلہ کیا ہے سیاست مکمل چھوڑ دوں گی۔
انہوں نے کہا کہ میں ایک عام پارٹی ورکر ہوں، پارلیمانی سیکرٹری نہیں تھی، پارٹی کے چیئرمین کو تو میرا نام بھی معلوم نہیں ہوگا، میں نے لاہور میں ایک لاکھ پودے لگائے، میرا ٹرانس جینڈر کا سکول چل رہا ہے، مجھے سیٹ ویلفیئر کے کاموں کی وجہ سے ملی۔
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ مجھے دو مرتبہ کروڑوں کی آفرز ہوئیں میں نے انکار کر دیا، اس وقت ملکی حالات کی وجہ سے ہر کوئی پریشان ہے، میں یہاں ملک کی خدمت کیلئے ہوں، اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت رکھے، پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، پاکستان ہے تو سب کچھ ہے۔
رضا نصر اللہ گھمن
پی ٹی آئی رہنما رضا نصر اللہ گھمن نے تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ میں دلخراش واقعہ تھا، 9 مئی کے واقعے کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سیاست کو دین کا جزو سمجھ کر کیا، میں نے 21 سال سیاست کی اور اپنے لوگوں کیلئے بہترین کام کیے، کچھ دیر کیلئے سیاست سے کنارہ کشی کر رہا ہوں، چاہتا ہوں خاندان کو بھی وقت دوں۔