لاہور : (ویب ڈیسک ) صوبائی دارالحکومت لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹر پر تشدد کے خلاف ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری ہے۔
ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز آٹھویں روز بھی بند ہونے سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، محکمہ صحت اور ہسپتالوں کی انتظامیہ ڈاکٹروں کو ڈیوٹی پر لانے میں ناکام ہوگئے جس سے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔
مریضوں نے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز کھلوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب مریضوں کی شنوائی کہیں نہیں ہے، ہسپتالوں کے چکر لگا لگا کر تھک چکے ہیں لیکن علاج نہیں ہورہا ہے۔
خیال رہے کہ 31 مئی کو چلڈرن ہسپتال میں دوران علاج جاں بحق ہونے والی ایک سالہ بچی کے لواحقین نے ڈیوٹی ڈاکٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا ، بچی کے لواحقین نے ڈاکٹر پر تھپڑوں اور گھونسوں کی بارش کر دی تھی جس سے وہ زخمی ہوا جس کے بعد ڈاکٹرز نے او پی ڈی بند کر کے احتجاج شروع کیا جو اب تک جاری ہے۔