9 مئی کے شرپسندوں کو انجام تک پہنچانا ہوگا: جہانگیر ترین، نئی پارٹی کا اعلان کر دیا

Published On 08 June,2023 05:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جہانگیر ترین نے نئی سیاسی جماعت "استحکام پاکستان پارٹی" کا اعلان کر دیا، اس موقع پر عبدالعلیم خان، عمران اسماعیل اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نئی جماعت کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ سب لوگوں کا شکر گزار ہوں آج ایک نئی سیاسی جماعت "استحکام پاکستان پارٹی" کی بنیاد رکھ رہے ہیں، سیاست میں آنے سے لے کر اب تک ایک ہی مقصد رہا ہے کہ ملک کی ترقی میں کردار ادا کروں، اس دوران بہت سارے لوگوں سے ملا ہوں، سب کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے، میں روایتی سیاست دان نہیں ہوں۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ جذبے کے تحت پی ٹی آئی میں شامل ہوا تھا، اس کو مضبوط سیاسی قوت بنانے کیلئے دن رات جدو جہد کی، 2013ء کے الیکشن کے بعد ہم نے پارٹی میں جوش و جذبہ پیدا کیا، آنے والے دنوں میں سب کو اندازہ ہو جائے گا ہم نے کس حد تک پارٹی کو مضبوط کیا، تحریک انصاف کو مضبوط بنانے میں اس لیے کردار ادا کیا تاکہ ملک میں اصلاحات لائی جا سکیں بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ معاملات ویسے نہ چل سکے جیسے ہم چاہتے تھے، لوگ ہم سے بد دل ہونا شروع ہو گئے، پی ٹی آئی کا منشور کچھ اور تھا، پی ٹی آئی احتساب کا نعرہ لگا کر وجود میں آئی تھی، نومئی کے واقعات نے پاکستان کی سیاست کو تبدیل کر کے رکھ دیا، اگر نومئی کے شرپسندوں کو انجام تک نہ پہنچایا تو کل پھر سیاستدانوں کے گھروں تک پہنچیں گے، شر پسندوں کو انجام تک پہنچانا ہو گا۔

جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ گزشتہ چند سال کے واقعات نے معیشت، سیاست کو شدید نقصان پہنچایا ہے، موجودہ صورتحال میں عوام کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں، اسی لیے ہم آج یہاں اکٹھے ہوئے ہیں، پاکستان کو دلدل سے نکالنے کیلئے سنجیدہ کوشش کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کے زخموں پر ہم مل کر مرہم رکھنا چاہتے ہیں، ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو تقسیم کو ختم اور قوم کو امید کا بیانیہ دے۔

انہوں نے کہا کہ اس لیے ہم آج نئی جماعت کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں، ہم پاکستان کو ترقی کے راستے پر ڈالنا چاہتے ہیں، ہماری سیاست کو ایک نئی سمت کی ضرورت ہے، جمہوری نظام اسی صورت مضبوط ہو سکتا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن اپنی آئینی ذمہ داریوں کو سمجھیں، آنے والے دنوں میں مزید لوگ پارٹی میں شامل ہوں گے، مشترکہ جدوجہد میں ساتھ دینے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اصلاحی ایجنڈا سامنے لائیں گے، آئندہ الیکشن میں بہتر سے بہتر نتائج حاصل کریں گے، ہم نے برآمدات کو بڑھانا اور آئی ٹی سیکٹر کو اٹھانا ہے، اس جماعت کا مقصد نوجوانوں کی ترجمانی کرنا ہے، معاشرے کے طبقات کی آواز بنیں گے، ہماری جماعت ترقی اور خوشحالی کی علامت ہو گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال پر تمام پاکستانی پریشان ہیں، نو مئی کے بعد لوگ فکر مند تھے، ہم نے تمام دوستوں سے رابطہ کر کے مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ کیا، جہانگیر ترین نے ہم سب کو اکٹھا کرنے میں بڑے پن کا مظاہرہ کیا، ان کی وجہ سے ہم سب ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ بارہ سال ہم نے اکٹھے ایک پلیٹ فارم پر گزارے، کسی نے اس پارٹی میں 30 اور کسی نے 10 سال گزارے، ہمیں خوشحال پاکستان کا خواب دکھایا گیا تھا، ہم جو کچھ کر سکتے تھے اپنا حصہ ادا کرنے کی کوشش کی، علی زیدی کو خوش آمدید کہتا ہوں، سب دوستوں کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔

سابق صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا ہے کہ جہانگیر ترین کی سربراہی میں جدوجہد میں حصہ ڈالیں گے، ہم سب نے فیصلہ کیا جہانگیر ترین کی سربراہی میں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوں گے اور ہم ملکر پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں گے، تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتا ہوں آپ کے آنے سے ہمارا جذبہ بڑھ گیا ہے۔
 

Advertisement