اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی پوری تاریخ دھاندلی، کرپشن اور خرید و فروخت کی ہے، پیپلز پارٹی کی کرپٹ سوچ کو کراچی کی گلیوں میں دفن کر کے دم لیں گے۔
اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا پیپلز پارٹی کے شہزادے، نواب زادے ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے، ٹیسٹ ٹیوب لیڈر ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتے، 9 لاکھ ووٹ لینے والے ہار گئے 3 لاکھ 25 ہزار ووٹ لینے والے جیت گئے۔
انہوں نے کہا کہ افسوس ہے الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کروانے میں ناکام ہوگیا، گونگے، بہرے ادارے سب مراعات لیتے ہیں لیکن عوام کو انصاف نہیں دلوا سکتے، الیکشن کمیشن نے ہمارے ساتھ انصاف نہیں کیا، اگرعام انتخابات کا اعلان ہوتا ہے تو کیا ایسے ہی الیکشن ہوگا؟، اگرایسے ہی الیکشن کروانا ہے تو پھرعوام کے ساتھ دھوکا نہ کریں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیڈرسے پوچھا زرداری کے پاس کون سا جادو ہے، اس نے جواب دیا کہ بات تو سچ ہے مگر بات ہے رسوائی کی، پیپلزپارٹی کی حکومت پوری طرح پھنس گئی ہے، میئر کا الیکشن جیتنے کا نوٹیفکیشن پیپلز پارٹی کے گلے کا طوق ثابت ہوگا، کراچی کےعوام پیپلزپارٹی والوں کے گریبان پر ہاتھ ڈالیں گے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا مقصد میئر کا انتخاب جیتنا نہیں تھا، پیپلزپارٹی کی نظریں سرکاری زمینوں اوراداروں پر ہیں، پیپلزپارٹی کا کرپشن راج اب نہیں چلے گا، پاکستان میں عدل اور انصاف کا نظام چلے گا، اسلام آباد کا ٹائی ٹین بھی ڈوبنے والا ہے، یہ چہرے آپ لوگوں کو عجائب گھر میں بھی نہیں ملیں گے۔