بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، پنشنرز اور مزدور کو ہر ممکن حد تک ریلیف دیا: وزیر اعظم

Published On 28 June,2023 09:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اپنی تمام تر توانائیاں عوامی ریلیف پر صرف کر رہی ہے، ہم نے بجٹ میں بھی تنخواہ دار طبقے، پنشنرز اور مزدور کو جس قدر ہو سکا ریلیف دیا ہے۔

اپنے عید پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم اور تمام عالمِ اسلام کو حج اور عید کی مبارک باد، اللہ تعالیٰ ہماری قربانیوں اور عبادتوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، مساوات، تزکیہِ نفس اور دل و جذبات کی طہارت اس عظیم قربانی کے ثمرات ہیں، ایسے لوگوں کو ضرور یاد رکھیں جو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بے گھر ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کے تحفظات دور، امید ہے 48 گھنٹے میں خوشخبری مل جائے گی: وزیر اعظم

انہوں نے مزید کہا ہے کہ مجھے بھرپور احساس ہے پاکستان اس وقت مہنگائی کی زد میں ہے، مہنگائی زیادہ تر بیرونی عوامل سے پیدا شدہ افراطِ زر اور کساد بازاری کے اثرات کی بدولت ہے، اللہ تعالیٰ پورے عالمِ اسلام کو امن و سلامتی اور ترقی کا گہوارہ بنائے، کشمیر اور فلسطین کے مظلوم بہن بھائیوں کی مشکلات و پریشانیوں کو ختم کرے۔