صدر مملکت کی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت

Published On 30 June,2023 09:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مذمتی بیان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دردناک واقعے سے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے، ہر ریاست کو ایسی اسلام فوبک کارروائیوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔

صدر مملکت نے کہا ہے کہ میں عالمی برادری پر زور دیتا ہوں کہ وہ ایک دوسرے کے مذہبی عقائد اور اقدار کی جانب رواداری پیدا کرنے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کو فروغ دینے کیلئے کام کریں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا ہے کہ انسانیت کو دنیا کو امن کیلئے متحد ہونے اور ایسی بے تکی نفرت انگیز کارروائیوں سے آگے نکلنے کی ضرورت ہے۔