کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے بلدیاتی نمائندے عملی طور پر غیر فعال ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے عیدالاضحیٰ کے دوران پی ٹی آئی کے حلقوں میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بلدیاتی مسائل حل کرنے کیلئے شہری منتخب نمائندوں کو تلاش کرتے رہے، کراچی کی 42 یوسیزمیں پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین ہیں، چند نمائندوں کے سوا دیگر یوسیز میں بلدیاتی نمائندے عید الاضحیٰ پرغیر فعال رہے، شہر کے 3 ٹاؤنز میں پی ٹی آئی کے چیئرمین ہیں۔
صدر ٹاؤن کے پی ٹی آئی چیئرمین حج پر ہیں، شاہ فیصل ٹاؤن کے پی ٹی آئی چیئرمین گوہر خٹک منظر سے غائب ہیں انہوں نے ابھی تک حلف بھی نہیں لیا، مومن آباد ٹاؤن کے پی ٹی آئی چیئرمین ملک عارف نے میئر کراچی کے ہمراہ علاقوں کا دورہ کیا، منحرف پی ٹی آئی بلدیاتی نمائندوں کی اکثریت عید پر حلقوں میں فعال نہیں تھی۔