وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا اجلاس

Published On 10 July,2023 09:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی نجکاری سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔

کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے سروسز انٹرنیشنل لاہور اورہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی نجکاری کاعمل آگے بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر خان، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر برائے نجکار ی و چیئرمین نجکاری کمیشن عابد حسین بھیو، معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمود پاشا، چیئرمین آر آر ایم سی اشفاق یوسف تولہ، وفاقی سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے بیرون ملک 40 نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتی کی منظوری دیدی

اجلاس میں سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی نجکاری کے حوالے سے سمری پیش کی گئی اور اس کی نجکاری کے عمل سے متعلق کمیٹی کوآگاہ کیاگیا، تفصیلی بحث کے بعد نجکاری کمیشن کو خریدار کے نام پر منتقلی ومیوٹیشن کے عمل کی تکمیل کے ساتھ سودے میں پیشرفت کی اجازت دیدی۔

نجکاری کمیشن کی جانب سے ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ کی نجکاری کے بارے میں سمری بھی پیش کی گئی جو ایک ہی (پری کوالیفائیڈ) بولی دہندہ پرمشتمل تھی ۔

اجلاس میں روزویلٹ ہوٹل اور سندھ انجیئنرنگ لمیٹڈ کی نجکاری سے متعلق سمری مؤخر کر دی گئی، اجلاس میں کہا گیا کہ روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کیلئے ایوی ایشن منسٹری سے مزید مشاورت ہو گی ۔