سیاستدانوں کو چھپنے کے بجائے مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے: شرجیل میمن

Published On 11 July,2023 05:22 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سیاست دانوں کو چھپنے کے بجائے مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی کی سوچ آمرانہ ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ آج وہ جماعت کہتی ہے کہ انہیں بولنے کا موقع نہیں دیا جا رہا، الیکشن سر پر ہے ہم کوئی تعصب کی بات نہیں کریں گے، آپ کوجتنا جھوٹ بولنا ہے بولتے رہیں، آپ سے مقابلہ پولنگ ڈے پر ہو گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی جیت کر دوبارہ حکومت بنائے گی، آج صحت کی سہولتوں میں کراچی نمبر ون ہے، پیپلز پارٹی کبھی چور دروازے سے اقتدار میں نہیں آئی، پیپلز پارٹی جتنی قربانیاں کسی پارٹی نے نہیں دیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آمریت، جوڈیشل ایکٹوازم کا مقابلہ کیا، ہمارا مقابلہ سیاسی جماعتوں سے نہیں سسٹم اور غربت سے ہے، انہوں نے کہا کہ لاڈلے کو گھر بیٹھ کر ضمانتیں مل جاتی ہیں، ان کو ٹوکریاں بھر کر ضمانتیں مل رہی ہیں، بدقسمتی سے عدالتوں کا پیپلز پارٹی سے رویہ بڑا سخت رہا۔

اس موقع پر ناصرحسین شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کے بائیکاٹ کا جماعت اسلامی کو فائدہ ہوا، ہم تو مفاہمت کی سیاست کرنے والے لوگ ہیں، ہمارے ساتھ منافقت کی سیاست کی جاتی ہے، کراچی کے لوگوں نے پیپلز پارٹی کو مینڈیٹ دیا۔