توشہ خانہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کو سپریم کورٹ کے بعد سیشن عدالت پیش ہونے کا حکم

Published On 22 July,2023 08:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں آج چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور ہونے کا فیصلہ جاری کر دیا۔

تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ وکیل صفائی نے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی، گوہر علی نے کہا نمائندہ مقرر کرنے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کی عدالت میں پیشی ضروری نہیں، توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی مسلسل عدالتی پیشیوں پر غیر حاضر دکھائی دے رہے ہیں، مقرر نمائندہ بھی ہدایات کے باوجود نماز جمعہ کے وقفے کے بعد عدالت پیش نہیں ہوا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ آج دوبارہ پیر تک سماعت ملتوی اور استثنیٰ کی درخواست منظور کرنے کی استدعا کی گئی، وکیل صفائی نے بتایا میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی پیر کو سپریم کورٹ پیش ہوں گے، امجد پرویز نے پیر کو چیئرمین پی ٹی آئی کو سیشن عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت جاری کرنے کی استدعا کی، انہوں نے خواجہ حارث کو بھی پیر کو جرح مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرنے کی استدعا کی۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں ہدایت کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی سپریم کورٹ پیشی کے بعد سیشن عدالت بھی پیش ہوں، خواجہ حارث بھی عدالت پیش ہوں تاکہ جرح مکمل کی جا سکے، پیر تک سماعت ملتوی اور چیئرمین پی ٹی آئی کی استثنیٰ کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔