لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے جناح ہاؤس حملے میں گرفتار تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کر دی۔
مسلم لیگ ن کا آفس جلانے، عسکری ٹاور پر حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش کرنے سمیت دیگر مقدمات میں گرفتار پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد ختم ہونے پر پیش کیا گیا، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے سماعت کی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد پر ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ نون کے آفس پر حملے، عسکری ٹاور پر حملے اور تھانہ شادمان کو جلانے کا الزام ہے، تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ چار مقدمات میں یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔
عدالت نے یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11 دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں یکم ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب جناح ہاؤس حملہ اور توڑ پھوڑ مقدمات میں گرفتار سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس نے عمر سرفراز چیمہ کو طبیعت کی خرابی کے باعث ویل چیئر پر پیش کیا اور جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی۔
عدالت نے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 11 دن کی توسیع کر دی اور انہیں بھی یکم ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔