کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کی نگران کابینہ میں توسیع کر دی گئی، مزید 6 وزراء نے حلف اٹھا لیا۔
کوئٹہ میں بلوچستان کی نگران کابینہ کے دوسرے مرحلہ کیلئے حلف برداری کی تقریب ہوئی، نوابزادہ جمال رئیسانی، آصف الرحمان اور سردار اعجاز جعفر نے حلف اٹھایا، حلف لینے والوں میں امان اللہ کنرانی، امیر محمد جوگیزئی اور شیخ محمودالحسن مندوخیل بھی شامل ہیں۔
حلف برداری کی تقریب میں نگران وزیراعلیٰ علی مردان جمالی نے بھی شرکت کی، تقریب میں نگران وزراء اور دیگرمکاتب فکر کے لوگ بھی شریک ہوئے۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے نئے نگران وزراء کو محکمے بھی تفویض کر دیئے، ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی صحت اور امان اللہ کنرانی قانون پارلیمانی امور اور پراسیکیوشن کے نگران وزیر ہونگے، نوابزادہ جمال خان رئیسانی کھیل امور نوجوانان اور ثقافت کے نگران صوبائی وزیر لگا دیئے، شیخ محمود الحسن مندوخیل کو بلدیات و دیہی ترقی کا محکمہ تفویض، سردار اعجاز خان جعفر پی ایچ ای و بہبود آبادی جبکہ آصف الرحمان بین الصوبائی رابطہ کے نگران وزیر ہونگے۔
نگران صوبائی وزیرنوابزادہ جمال خان رئیسانی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ان وزارتوں کو خوش قسمتی نہیں بلکہ ذمے داری سمجھتا ہوں، وزارت کا سہرا میرے شہید والد اور بلوچستان کے تمام شہدا کے سر جاتا ہے، جو ذمہ داریاں دی گئیں اُنہیں فرض سمجھ کر پورا کروں گا۔