ٹھٹھہ: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا پیپلزپارٹی ن لیگ سمیت کسی جماعت سے الیکشن اتحاد نہیں کرے گی۔
نثار کھوڑو نے ٹھٹھہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی اپنے پلیٹ فارم پر عام انتخابات لڑے گی، آئین کے ہوتے ہوئے ملک میں صدارتی نظام نہیں آسکتا، اگر آئین کو توڑنے کی ہمت ہے تو پھر صدارتی نظام لا کر دکھائیں، ہر الیکشن می پیپلزپارٹی مخالف اتحاد بنتے رہے ہیں۔
پی پی سندھ کے صدر نے مزید کہا مخالفین کا اتحاد ہی انتخابات سے قبل شکست کا اعتراف ہے، نگران حکومت دو سال حکومت کرنے کا سوچے بھی نہیں ورنہ عوام کا سخت رد عمل آئے گا، نگران حکومت لمبہ عرصہ حکومت نہیں کرسکتی یہ عمل غیرآئینی ہوگا۔
نثار کھوڑو نے کہا پیپلز پارٹی احتساب کے خلاف نہیں ہے، اگر کسی پر مقدمہ ہے تو عدالت میں ثابت کیا جائے، کارکن عام انتخابات کی تیاری کریں، آئینی طور پر انتخابات 90 دن میں کرائے جائیں، حلقہ بندیوں میں جب نشستیں بڑھ نہیں رہیں تو پہر حلقہ بندیوں میں اتنا وقت کیوں ضائع کیا جا رہا ہے۔
نثار کھوڑو ٹھٹھہ نے مزید کہا آئینی مدت میں انتخابات ہوں اور عوام کی منتخب حکومت وجود میں آئے، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے روزگار کے خلاف ہیں، لوگوں کے روزگار پر لات مارنا عوام دشمنی ہے، نگران حکومت بھی مہنگائی ہر قابو پانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے، پی ٹی آئی حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی کی وجہ سے ملک کی معیشت پر بوجھ پڑا۔