جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس: چودھری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور

Published On 15 September,2023 09:54 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے صدر پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر لی۔

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پرویز الہٰی کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ چودھری پرویزالہٰی سے دوران ریمانڈ کچھ برآمد نہیں ہوا، ایف آئی آر میں بھی وہ نامزد نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ممکنہ گرفتاری کا خدشہ: پرویز الہٰی کا عدالت سے رجوع کا فیصلہ

اے ٹی سی عدالت نے 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض صدر تحریک انصاف پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ عدالت نے 8 ستمبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا تھا۔

خیال رہے کہ تھری ایم پی او معطلی پر چودھری پرویز الہیٰ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر رہائی کے بعد پولیس لائن سے ایک بار پھر گرفتار کیا گیا تھا۔