کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کوئٹہ کے علاقے بلدیہ کے سبزہ زار میں پشتون ثقافت کا دن روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا، اس دن کی مناسبت سے مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا جہاں خوبصورت پشتون ثقافت کے بھرپور رنگ بکھر گئے۔
ثقافتی دن کے موقع پر تقاریب میں شریک لوگوں کا کہنا تھا کہ ہم اس دن کو خصوصی طور پر منا رہے ہیں، روایتی لباس پہن کر سروں پر پشتون پگڑی باندھی ہے، ہمیں اپنی ثقافت پر فخر ہے اور ہم اس کا اظہار کر رہے ہیں۔
ثقافتی تقریب میں کئی فیملیز اپنے بچوں کو بھی ساتھ لیکر پہنچی تھیں جنہوں نے ثقافتی لباس زیب تن کئے ہوئے تھے اور ثقافتی میلہ دیکھ کر خوشی کا اظہار کر رہے تھے۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے پشتون کلچر ڈے پر صوبے اور ملک بھر میں آباد پشتون بھائیوں کو ثقافتی دن کی مبارکباد دی ہے۔
اپنے ایک تہنیتی پیغام میں نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارا صوبہ مختلف اقوام اور قبیلوں کا خوبصورت گلدستہ ہے، ہمارے صوبے میں آباد اقوام منفرد طرز ثقافت اور بود و باش کے مالک ہیں، ہمارے صوبے میں آباد پشتون قوم اپنی مہمان نوازی اور رواداری میں اپنی مثال آپ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پشتون کلچر ڈے کے موقع پر اپنے پشتون بھائیوں کی خوشی میں برابر کے شریک ہیں۔
پشتون کلچر ڈے کی مناسبت سے نگران وزیراعلیٰ نے توقع کا اظہار کیا کہ کلچر ڈے منانے کے مقصد کو عملی جامہ پہنانے کیلئے صوبے کے تمام اقوام آپسی بھائی چارے کو مزید فروغ دیں گے اور صوبے کے مثبت عکس کو اجاگر کرنے کا باعث بنیں گے۔