لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سنٹر پوائنٹ تا والٹن روڈ ''پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ'' کا دورہ کیا اور منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلیٰ نے سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ اور والٹن روڈ کو ملانے والی سڑک کے تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا، محسن نقوی نے والٹن اوورہیڈ برج پراجیکٹ 60 روز اور پنجاب قائد ڈسٹرکٹ منصوبہ 4 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
سی ای او سی بی ڈی عمران امین اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ریاض حسین نے منصوبے پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں بڑی سڑکوں کا متوازی نظام بننے سے ٹریفک مینجمنٹ بہتر ہوگی، والٹن روڈ پر پانی کھڑا ہونے کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے اڈا نالہ پراجیکٹ شروع کیا، یہ پورا کا پورا علاقہ تبدیل ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کیلئے سی بی ڈی والٹن روڈ پراجیکٹ پر کام کر رہی ہے، سی بی ڈی پروجیکٹ میں ہر بڑی کمپنی سرمایہ کاری کر رہی ہے، فیروز پور روڈ کو بھی ہم ٹھیک کر رہے ہیں، ملتان اور راولپنڈی میں بھی اس طرز کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں موجود قونصلیٹ بھی سی بی ڈی ایریا میں منتقل ہونے میں دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں، یہاں ڈپلومیٹک انکلیو بنایا جا رہا ہے جہاں سکیورٹی انتظامات بہتر ہوں گے، سی بی ڈی پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد بہت سے سرمایہ کار انویسٹمنٹ کیلئے تیار ہیں۔
صوبائی وزراء اظفر علی ناصر، عامر میر، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری اطلاعات، سی سی پی او، ڈپٹی کمشنر، ڈی جی پی آر، چیف آپریٹنگ آفیسر سی بی ڈی بریگیڈئیر ریٹائرڈ منصور بھی اس موقع پر موجود تھے۔