آشوب چشم کا پھیلاؤ : پنجاب کے سرکاری و نجی سکولز چار روز تک کیلئے بند

Published On 27 September,2023 01:47 pm

لاہور: (دنیانیوز) صوبے میں آشوب چشم کی بڑھتی وبا کے خطرے کے پیش نظر نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کل بروز جمعرات سے اتوار تک نجی اور سرکاری سکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راوی روڈ پر قائم گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کا اچانک دورہ کیا، جہاں طالبات نے سکول میں روشنی اور پنکھے کم ہونے کی بھی شکایت کی۔

حکومتی ہدایات کے باوجود سکول میں  آشوب چشم کے شکار طلبہ و طالبات حاضر تھے ، جس پر نگراں وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا ۔

آشوب چشم کے شکار طلبہ کی سکولوں میں حاضری پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری سکول کو فوری طور پر سکول طلب کرلیا ۔

وزیراعلیٰ نے صوبے کے تمام نجی اور سرکاری سکولوں میں جمعرات اور ہفتہ کی چھٹی دینے کی ہدایت جاری کردی  جبکہ  12 ربیع الاول کو عید میلادالنبی کی چھٹی ہوگی۔ 

سوموار کو صبح تمام سکولوں کے باہر بچوں کو داخلے کے وقت اساتذہ چیک کریں گے ، جن بچوں میں آشوب چشم کی شکایت ہوئی انکو واپس گھروں کوبھیج دیا جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھیں :پنجاب: آشوب چشم کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ، 74ہزار سے زائد متاثر

واضح رہے کہ لاہور اور دیگر شہروں میں آشوب چشم کے بڑھتے ہوئے مرض سے سکول کالجز کے طالبعلموں سمیت عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہو چکی ہے ۔

پنجاب بھر میں آشوب چشم سے ابتک 74،220 مریض رپورٹ ہوئے ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر میں 8851 مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔