پالیسی تبدیل نہیں ہوئی، پاکستان افغان مہاجرین کی میزبانی جاری رکھے گا: دفتر خارجہ

Published On 05 October,2023 02:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاکستان افغان مہاجرین کی میزبانی جاری رکھے گا۔

ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ حالیہ فیصلے سے قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین متاثر نہیں ہوں گے، فیصلہ غیر قانونی افغان باشندوں سے متعلق ہے، جن کے پاس ویزا یا دستاویزات نہیں ہوں گے ان کے خلاف کارروائی ہو گی اس پالیسی کا تعلق کسی خاص ملک نہیں بلکہ سب سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی کپ میں پاکستانیوں کو ویزوں کے اجراء کے حوالے سے بھارت سے رابطے میں ہیں، بھارت کھیلوں کو سیاست کے ساتھ نہ جوڑے، بطور میزبان ملک بھارت پاکستانی شائقین کی راہ میں عالمی کپ کے میچز دیکھنے کے حوالے سے رکاوٹیں نہ ڈالے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ نگران وزیر خارجہ تبت میں ٹرانس ہمالیہ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، نگران وزیرخارجہ نے منگولیا کے نائب وزیراعظم سے ملاقات کی، نگران وزیر خارجہ چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر چین کے دورے پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرانس ہمالیہ فورم کا آغاز جغرافیائی رابطے، ماحولیاتی تحفظ اور ثقافتی روابط کو بڑھانے کیلئے کیا گیا، نگران وزیر خارجہ نے ٹرانس ہمالیہ فورم کے اجلاس سے خطاب کیا اور فورم کی سائیڈ لائن پر چین کے وزیر خارجہ سے ملاقات بھی کی، پاک، چین وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات میں خطے سمیت علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کی پالیسی بڑی واضح ہے، پاکستان فیصلے اپنے قومی مفاد میں لے گا۔